لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں مختلف طلبہ تنظیموں کے وفد نے ملاقات کی۔ طلبہ نے گورنر پنجاب کو پنجاب کالج واقعہ پر شفاف تحقیقات اور طلبہ یونین کی بحالی سمیت مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کی بات کی۔نجی کالج واقعہ سے متعلق طلبہ کے سوال پر گورنر پنجاب نے کہا کہ میرٹ پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ تنظیمیں، تعلیمی اداروں میں وفودکو لیکر جائیں اور کالج واقعہ کے حل میں مثبت کردار ادا کریں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی طلبہ یونین کے الیکشن کی ہمیشہ سے حامی رہی ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ طلبہ یونین کے آخری الیکشن بھی پپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہوئے تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ طلبہ یونین کی بحالی کے لیے پنجاب حکومت کو لکھوں گا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس لاہور میں روٹری کلب آف لاہور سٹی کے زیر اہتمام پولیو آگاہی سیمینار کے حوالے سے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پولیو سے بچائو اور پولیو کا ملک سے مکمل خاتمہ مربوط کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ سیمینار میں روٹری کلب آف لاہور سٹی کے صدر، بلال احمد اعوان اور پولیو پلس چیئر ماریہ توقیر خان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور روٹری کلب آف لاہور سٹی کے ممبران نے بھرپور شرکت کی۔