غزہ +تل ابیب/بیروت (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کی ذاتی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ ہوا تاہم حملے کے وقت اسرائیلی وزیراعظم اور ان کی اہلیہ گھر میں موجود نہیں تھے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان صہیونی فوج نے دعویٰ کیا کہ لبنان سے لانچ کیے گئے ڈرون نے تل ابیب کے شمال میں واقع قیصریہ میں نیتن یاہو کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔ صہیونی فوج نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے والے2 مزید ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ برلن کے دورے کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور ایران کے تنازعات کو کچھ عرصے کے لیے ختم کیا جا سکتا ہے اور اس کے لیے دونوں ممالک سے دوسرے طریقے سے نمٹنے کے مواقع موجود ہیں۔ جبکہ اسرائیل کے شمالی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر حملے میں33 فلسطینی لبنان میں بمباری سے 60 شہری شہید ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں80 سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت نازک ہے۔ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ زمینی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر55 اسرائیلی فوجی ہلاک اور500 سے زیادہ افسر و اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔ غزہ میں حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار کی شہادت کے اعلان کے ایک دن بعد وائٹ ہائوس کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ السنوار قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے اور غزہ جنگ بندی میں بنیادی رکاوٹ تھے۔ اسرائیلی حکام نے الزام لگایا ڈرون حملے میں ایران ملوث ہے۔ حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار کی شہادت کے بعد پہلی ویڈیو منظر عام پر آئی۔ یحییٰ سنوار کے جسد خاکی کو تباہ شدہ عمارت کے ملبے پر دیکھا جا سکتا ہے جہاں اسرائیلی فورسز کی جانب سے ان کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ سی این این کے مطابق سنوار کے ہاتھ پر گھڑی تھی۔ دوسری تصویر میں فلیٹ کو دھماکے سے اڑانے کے بعد ایک انگلی اور گھڑی غائب تھی۔ سی این این کے مطابق اسرائیلی فوج یحییٰ کی انگلی کاٹ کر ڈی این اے کیلئے لے گئے۔
نیتن یاہو کے گھر پر ڈرون حملہ، جبالہ کیمپ، لبنان میں وحشیانہ بمباری 93 شہید
Oct 20, 2024