اسلام آباد ہائیکورٹ، آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کا ججز ڈیوٹی روسٹر جاری 

اسلام آباد(آئی این  پی)ہائی کورٹ میں آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کے لیے ججز کا ڈیوٹی روسٹر جاری کردیا گیا۔آئندہ ہفتے کے ججز ڈیوٹی روسٹر کے مطابق 21 سے 25 اکتوبر تک کیسز کی سماعت کے لیے 7 سنگل اور 3 ڈویژن بنچ تشکیل دیئے گئے ہیں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق سمیت 7 ججز آئندہ ہفتے مقدمات کی سماعت کریں گے جبکہ جسٹس بابر ستار ایک ماہ کی چھٹی کے باعث آئندہ ہفتے بھی کیسز کی سماعت کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس ارباب محمد طاہر لندن میں لا کانفرنس میں شریک ہیں، جسٹس طارق جہانگیری آئندہ ہفتے میں پہلے 3 دن اور جسٹس ارباب طاہر پہلے 2 دن دستیاب نہیں ہوں گے، دونوں ججز لندن میں لا کانفرنس میں شرکت سے واپسی کے بعد مقدمات کی سماعت کریں گے۔چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بنچ آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کرے گا، اسی طرح دوسرا ڈویژن بنچ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق پر مشتمل ہو گا جبکہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ڈویژن بنچ 23 اکتوبر سے دستیاب ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن