سکیورٹی فورسز کی ژوب اور پشین میں کارروائیاں، 2 خوارج ہلاک، 5 گرفتار

اسلام آباد؍ ڈی آئی خان (خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) بلوچستان کے ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج ہلاک ہو گئے جبکہ پشین میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 5 خوارج کو گرفتار کرلیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کے مطابق 17 اکتوبر کو ضلع ژوب میں آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج مارے گئے۔ ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے ضلع پشین میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کیا اور 5 خوارج کو گرفتار کرلیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے خوارج سے اسلحہ،گولہ بارود، دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا۔ 3 خودکش جیکٹس بھی قبضے میں لے لیں۔  گرفتارخوارج سکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ دوسری جانب وزیراعظم نے پشین میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پذیرائی کی۔  ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم ملک کو فتنہ الخوارج سے پاک کرنے کے لیے پاک فوج کوخراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔  وزیر اعلی خیبر  پی کے علی امین گنڈا پور کے فارم ہائوس کے قریب ایف سی کے قافلے پر دھماکا ہوا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی خان میں ٹانک روڈ ہتھالہ کے قریب ایف سی کے قافلے پر آئی ای ڈی دھماکا ہوا۔ دھماکا وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے فارم ہاس کے قریب پیش آیا۔دھماکے میں ایف سی کے 2 اہل کار زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ واقعہ روڈ سواپنگ کے دوران پیش آیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل اور 5 دہشتگردوں کی گرفتاری پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر کامیاب آپریشنز کرکے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔  انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں اور سہولت کاروں کا قوم کی حمایت سے صفایا کریں گے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے پشین اورژوب میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے، انہوں نے  دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیاصدر مملکت  نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھیں گے۔

ای پیپر دی نیشن