چھاتی کا کینسر، قومی سطح پر آگاہی کیلئے کوششیں مزید تیز کریں گے: وزیراعظم

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھاتی کا سرطان دنیا بھر میں خواتین کو سب سے زیادہ متاثر کرنے والا کینسر ہے ، میں تمام سٹیک ہولڈرز بالخصوص میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے قومی سطح پر ایک جامع اور مربوط آگاہی مہم کے لیے کوششیں مزید تیز کریں۔اجتماعی کاوشوں سے ہم اس میں کمی لاسکتے ہیں۔ عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی بڑھانے بالخصوص خواتین میں اس کی بروقت تشخیص و علاج کی ضرورت پر زور دینے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ شامل ہیں۔ چھاتی کا کینسر دنیا بھر میں خواتین کو سب سے زیادہ متاثر کرنے والا کینسر ہے اور افسوسناک بات یہ ہے کہ زیادہ تر اموات کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں ہوتی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کو چھاتی کے کینسر کی تشخیص اور علاج کی سہولیات کی دستیابی میں اہم چیلنجز کا سامنا ہے۔ تاہم، ہم ابتدائی تشخیص اور مؤثر علاج سے اس کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ ہم نے چھاتی کے کینسر کے ابتدائی مرحلے کے کیسز کی رپورٹنگ میں اضافہ دیکھا ہے، جو خوش آئند پیشرفت ہے۔ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ میڈیا اس سلسلے میں آگاہی بڑھانے کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اپنی کوششوں سے ہم پاکستان میں چھاتی کے کینسر سے ہونے والی اموات کو نمایاں طور پر کم کر سکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن