افسران کی تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جائیگا، سلمان چوہدری

Oct 20, 2024

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں افسران کی ڈسپلن تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل سلمان چوہدری نے ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں سٹاف ہاسٹل، میس ہال، لائبریری، کمپیوٹر لیب اور ویب سائٹ لانچنگ تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی علی احمد صابر کیانی، کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی سید فرید علی، ڈی آئی جی مسرور عالم کولاچی، ڈپٹی کمانڈنٹ امداد اللہ شاہد اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی سلمان چوہدری نے کہا کہ افسران کے لیے پیشہ ورانہ تربیت قومی شاہراؤں پر محفوظ سفر اور روڈ سیفٹی کے لیے نہایت ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کا مقصد شاہراہوں قوانین کا موثر نفاذ اور سڑک استعمال کرنے والوں کی مدد کے ذریعے، شائستگی، دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیاروں کو لاگو کرتے ہوئے حفاظت کو فروغ دینا ہے۔ آئی جی سلمان چوہدری نے ٹریننگ کالج میں بہتر ین رہائشی سہولیات سٹاف کالج ہاسٹل، لائبریری، آئی ٹی لیبز، میس ہال اور کالج کی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا۔ وریں اثنا ء آئی جی سلمان چوہدری نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں افسران کی پیشہ وارنہ امور اور ترقیاتی کاموں کا تفصیل سے جائز ہ لیا گیا۔کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی سید فرید علی نے اجلاس کے شرکاء کو افسران کی پیشہ وارنہ تربیت اور ٹریننگ کالج میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ٹریننگ کالج آمد کے  موقع پر انسپکٹرجنرل سلمان چوہدری کو چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی بعدازاں آئی جی موٹروے پولیس نے ٹریننگ کالج کے احاطہ میں پودا بھی لگایا۔ 

مزیدخبریں