اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی پوری ٹیم تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر مارکیٹوں کی ترقی کے لیے کام کر رہا ہے تاکہ انہیں صحیح معنوں میں دلکش شکل دی جا سکے۔انہوں نے یہ بات ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن G-11 مرکز کے صدر ملک نعیم اختر اعوان کی قیادت میں ایک بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس نے ICCI کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دینے کے لیے چیمبر کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے کم و بیش 10 ہزار ممبران ہیں اور ان کے مسائل کے حل کی ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے اور وہ چیمبر کے انفراسٹرکچر کو بہتر کر کے انہیں کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔