نیشنل بک فاؤنڈیشن میں ایک روزہ تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل

Oct 20, 2024

اسلام آباد ( خصو صی ر پور ٹ )نیشنل بک فاؤنڈیشن نے ادارہ تعلیم و آگاہی کے اشتراک سے ایک روزہ تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کیا ،مقصد اسکولوں میں "پڑھنے کے اوقات" اور انٹرایکٹو لائبریریوں کا فروغ تھا۔ یہ تربیتی پروگرام این بی ایف ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے 50سرکاری اسکولوں کے اساتذہ نے شرکت کی،مقصد طلبا میں پڑھنے کی عادات کو فروغ دینے کے لیے موثر حکمت عملی کو متعارف کرانا تھا۔ تربیت کا آغاز ایک تعارفی سیشن سے ہوا جس میں "پڑھنے کے اوقات" کا تصور اور مطالعے کی عادات کو فروغ دینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ یہ سیشن محمد شکیل احمد نے دیا،کوچ مینٹور علی رضا نے تربیت کی رہنمائی کی جبکہ محترمہ ثمینہ بیگ نے طلبا میں مطالعے کی عادات پیدا کرنے پر انٹرایکٹو سیشنز منعقد کیے۔ ان سیشنز میں لائبریری کے اہم پہلوں، طلبا کے لیے دلچسپ سرگرمیاں، کتابوں کے انتخاب کے لیے "فائیو فنگر رول"، کتابوں کی سطح بندی اور لائبریری میں کتابوں کی موثر نمائش جیسے موضوعات پر تفصیل سے بات کی گئی۔شرکا نے اپنے اسکولوں میں "پڑھنے کے اوقات" نافذ کرنے کے لیے ایکشن پلان تیار کرنے پر عملی طور پر کام کیا ، اختتام پر ایک سرٹیفکیٹ تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، ادارہ تعلیم و آگاہی کے ڈائریکٹر کمیونیکیشنز اور پارٹنرشپس وقاص حمید باجوہ نے اختتامی کلمات پیش کیے۔

مزیدخبریں