واہ کینٹ(امجد شیخ ،نمائندہ نوائے وقت)واہ کینٹ بورڈ کے وارڈ نمبر 4 اور 8 میں ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی مختلف جماعتوں کے امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے۔ ان جماعتوں میں مسلم لیگ ن ،تحریک انصاف ،تحریک لیبک ،پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی اور آزاد امیدوار نمایاں ہیں تاہم مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔وارڈ نمبر 4 کی سیٹ ملک عارف محمود کے مستعفی ہو نے کے بعد خالی قرار دی گئی تھی۔یہ وارڈ نواب آ باد،چھاچھی محلہ اور اس سے جڑی آبادی پر مشتمل ہے۔اس وارڈ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 18450 ہے ان میں مرد ووٹرز 9408 جب کہ خواتین ووٹرز۔کی تعداد 9042 ہے۔کینٹ بورڈ کے عام انتخابات میں اس وارڈ کے ووٹرز کا جھکا مسلم لیگ ن کی طرف تھا اور یہاں سے اسی جماعت کے ملک عارف محمود نے کامیابی حاصل کی تھی۔یہ وارڈ متوسط طبقہ پر مشتمل ہے اور جس امیدوار نے ان کے مسائل حل کرنے کا واضح منشور دیا وہ کامیابی حاصل کر سکتا ہے لیکن زمینی حقائق یہ ہیں کہ یہاں مسلم لیگ ن کا ووٹر بڑی تعداد میں موجود ہے اور توقع یہ کی جا رہی ہے کہ مسلم لیگ ن یہاں سے کامیابی حاصل کر سکتی ہے تاہم اگر پی ٹی آئی نے یہاں ایک مضبوط امیدوار میدان میں اتار دیا اور سخت محنت کی تو سیاسی منظر نامہ تبدیل بھی ہو سکتا ہے۔اسی طرح وارڈ نمبر 8 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 27826 ہے ان میں مرد ووٹرز 14060جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 13766 ہے۔اس وارڈ سے پی ٹی آئی کے ملک فہد مسعود اکبر منتخب ہوئے تھے ان کے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد یہ سیٹ خالی قرار دی گئی تھی۔یہ وارڈ زیادہ تر تاجر برادری پر مشتمل ہیاور کہا جا رہا ہے کہ تاجر برادری کی حمایت حاصل کرنے والا امیدوار جیت سکتا ہے۔تاہم اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ یہاں کے رہائشی علاقے میں پی ٹی آئی کا ووٹر بڑی تعداد میں موجود ہیاور یہ فیکٹر پی ٹی آئی کے امیدوار کی جیت میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے اس لیے مسلم لیگ ن کو اس وارڈ میں نہایت مضبوط امیدوار میدان میں اتارنا پڑے گا موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ کہا جا رہا ہے کہ اس وارڈ میں زبردست مقابلہ کی توقع ہے۔دونوں وارڈز میں سیاسی گہما گہمی تو شروع ہو چکی ہے لیکن اصل جوش وخروش اس وقت عروج پر پہنچے گا جب سیاسی جماعتیں اپنے امیدوار کا حتمی اعلان کریں گی اور کینٹ بورڈ واہ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرے گا۔یاد رہے کہ مذکورہ وارڈز میں الیکشن کا دن 14 نومبر ہے۔
واہ کینٹ،وارڈ نمبر 4اور8میں سیاسی ہلچل شروع،کانٹے دار مقابلہ کی توقع
Oct 20, 2024