بھارت کو 36 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کے ہاتھوں تاریخی شکست ہوگئی، نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کی بدولت پہلا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق بنگلورو میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلے روز کا کھیل بارش کی وجہ سے ضائع ہونے کے بعد دوسرے دن بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا اور پوری بھارتی ٹیم صرف 46 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یہ بھارت کا ٹیسٹ کرکٹ میں ناصرف اپنی سرزمین پر سب سے کم ترین اسکور تھا بلکہ ایشیاء میں بھی کسی ایشیائی ٹیم کا اب تک سب سے کم سکور ہے، نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری اور ورلیم او رورک نے پہلی اننگز میں مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کو پقیلین کی راہ دکھائی۔ بتایا گیا ہے کہ جواب میں نیوزی لینڈ نے ڈیون کونوے کے 91 اور رچن رویندرا کے 134 رنز، ٹم ساؤدھی کے 65 رنز کی بدولت 402 رنز بنا کر پہلی اننگز میں 356 رنز کی بھاری برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی، تاہم بھارت نے دوسری اننگز میں مثبت اور جارحانہ بیٹنگ کی، کپتان روہت شرما کی نصف سنچری سے اوپنرز نے ٹیم کو 72 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد ویرات کوہلی اور سرفراز خان نے تیسری وکٹ کے لیے136 رنز جوڑ کر بھارت کی میچ میں واپسی یقینی بنائی۔ معلوم ہوا ہے کہ میچ کے چوتھے دن سرفراز خان اور رشبھ پنٹ نے 179 رنز کی شراکت کے ساتھ خسارے کا خاتمہ کیا اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے، سرفراز نے 150 رنز کی اننگز کھیلی لیکن پنٹ بدقسمت رہے اور 99 کے سکور پر او روک کی گیند پر بولڈ ہوگئے، 433 رنز پر پنٹ آؤٹ ہوئے اور بھارت کی پانچویں وکٹ گری جس کے بعد بقیہ پوری ٹیم سکور میں محض 29 رنز کا اضافے کرسکی سے اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں 462 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، دوسری اننگز میں بھی ہنری اور او روک نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ بتایا جارہا ہے کہ نیوزی لینڈ کو میچ میں فتح کے لیے 107 رنز کا ہدف ملا، کیویز نے دوسری اننگز میں کھاتا کھلنے سے قبل ہی ٹام لیتھم کی وکٹ گنوادی تاہم نیوزی لینڈ کے یقبیہ بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی، ڈیون کونوے 35 کے مجموعی سکور پر آؤت ہوئے تو میچ میں بھارت کی واپسی کی امید پیدا ہوئی لیکن وِل ینگ اور رچن رویندرا نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید کسی نقصان کے بغیر ہی اپنی ٹیم کو ہدف تک رسائی دلا دی، ینگ نے 48 اور رویندرا نے 39 رنز کی باری کھیلی یوں کیویز نے میچ میں 8 وکٹوں سے فتح حاصل کرلی۔
بھارت کو 36 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کے ہاتھوں تاریخی شکست
Oct 20, 2024 | 14:22