شمالی کوریا کے فوجیوں کی روس کے ساتھ ملکر لڑنے کی پہلی ویڈیو آگئی

Oct 20, 2024 | 14:52

کیف نے ایک ویڈیو شائع کی ہے جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ شمالی کوریا کے درجنوں بھرتی ہونے والے فوجی یوکرین میں ماسکو کے شانہ بشانہ لڑنے کے لیے فوجی وردی اور روسی سازوسامان حاصل کرنے کے لیے قطار میں کھڑے ہیں۔ اس ویڈیو نے اڑھائی سال سے جاری جنگ کے حوالے سے ایک نیا باب کھول دیا ہے۔یوکرین کے سینٹر فار سٹریٹجک کمیونیکیشنز اینڈ انفارمیشن سکیورٹی سے تصدیق شدہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شمالی کوریا کے فوجی روسی فوجیوں سے بیگ، کپڑے اور دیگر سامان لینے کے لیے قطار میں کھڑے ہیں۔مرکز کے سربراہ ایہور سولوے نے کہا ہے کہ ہمیں یہ ویڈیو ہمارے اپنے ذرائع سے موصول ہوئی ہے۔ ہم سکیورٹی خدشات کی وجہ سے ذرائع کی اضافی تصدیق فراہم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیو میں واضح طور پر دکھایا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے شہریوں کو روسی فوج کی نگرانی میں روسی فوجی وردیاں مل رہی ہیں۔ یوکرین کے لیے یہ ویڈیو اس لیے اہم ہے کیونکہ یہ روس کی طرف سے جنگ میں شمالی کوریا کی شرکت کو ظاہر کرنے والا پہلا بصری ثبوت ہے۔ نا صرف ہتھیاروں اور میزائلوں کے ساتھ بلکہ اہلکاروں کے ساتھ بھی روس کے ساتھ تعاون کیا جارہا ہے۔مرکز کے مطابق یہ فوٹیج ایک روسی فوجی نے حالیہ دنوں میں فلمائی تھی اور فلم بندی کا مقام معلوم نہیں ہے۔ اس سے قبل یوکرین کے ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ کیریلو بڈانوف نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے تقریباً 11 ہزار پیادہ فوجی اس وقت مشرقی روس میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں