اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایران پر الزام لگایا ہے کہ کہ اس کی حمایت یافتہ حزب اللہ نے میرے گھر پر حملہ کر کے مجھے قتل کرنے کی سازش کی ہے۔ اس سے پہلے ان کے دفتر نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ حزب اللہ نے ڈرون حملے سے نیتن یاہو کے گھر کو نشانہ بنایا ہے۔دوسری جانب حزب اللہ نے ابھی اس ڈرون حملے کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کی اسرائیلی بمباری سے ہلاکت کے بعد لڑائی میں شدت آگئی ہے۔ اب اس جنگ کے دوران میں حماس کے دوسرے سربراہ کے قتل نے بھی اس جنگ میں ایک شدت کا راستہ کھول دیا ہے۔ اسی کے بعد ہفتے کے روز حزب اللہ نے نیتن یاہو کے گھر پر بھی ڈرون حملہ کیا ہے اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا ہے ' اسرائیل اپنے تمام اہداف کے حصول کے لیے یکسو ہے۔ نیز خطے میں سیکیورٹی سے متعلق حقائق کو اسرائیل اور اس کی اگلی نسلوں کے لیے تبدیل کر دیا جائے گا۔ 'اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز نے نیتن یاہو کے گھر پر حزب اللہ کے ڈرون حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے ' اس ڈرون حملے سے در اصل اسلامی جمہوریہ ایران کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔' یہ ایران ہی ہے جو اس مزاحمتی محور کے نام پر ایک برائی کا محور چلا رہا ہے۔'ہفتے ہی کے روز اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ' یہ ڈرون لبنان کی طرف سے آئے تھے۔ ان ڈرونز نے ساحلی اسرائیلی قصبے قیساریا کو نشانہ بنایا ہے۔ اسی قصبے میں نیتن یاہو رہتے ہیں۔