آئینی ترمیم کے حوالے سے سینیٹر فیصل واوڈا کا مخالفین پر طنزیہ تبصرہ سامنے آگیا۔ اپنے ایک مختصر سے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج ہم ترمیم کے بعدکیک اور باقی سب دھول کھائیں گے، جو آتا ہے بسم اللہ ورنہ تعداد سے زیادہ نمبرز موجود ہیں۔ سینیٹر فیصل واوڈا کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ 26 ویں ترمیم کیلئے نمبر بھی پورے اور نمبری بھی پورے ہیں، کیبنٹ میں آج یہ معاملہ مکمل ہورہا ہے، پی ٹی آئی کے بکاؤ مال پی ٹی آئی کو بیچ چکے ہیں، 26 ویں ترمیم ٹھوک بجا کر ہونے جارہی ہے اور خوشخبریاں 26 ویں ترمیم کے بعد بھی آئیں گی، عمران خان کے لیے کوئی ریلیف نہیں دیکھ رہا، عدالتوں کے جتنے فیصلے آتے ہیں ہم ان کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، میں مطمئن ہوں اور اب تک جتنی باتیں کہی ہیں اس پر کھڑا رہا ہوں۔ ادھر آئینی ترمیم کے باعث وزیراعظم کا بیرون ملک جانے کا پروگرام ملتوی کردیا گیا، 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری اور موجودہ سیاسی صورتحال کے باعث وزیراعظم نے دولت مشترکہ کے سربراہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ ترک کردیا، وزیراعظم شہباز شریف نے دولت مشترکہ کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے منگل کو سمووا کے لئے روانہ ہونا تھا جہاں دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کا اجلاس 24 اور 25 اکتوبر کو ہونا ہے، اب وزیراعظم کی بجائے وزیرخارجہ کی جانب سے پاکستانی وفد کی نمائندگی کرنے کا امکان ہے، 26 ویں آئینی ترمیم کا مرحلہ مکمل ہونے کی صورت میں وزیرخارجہ اسحاق ڈار سمووا کے لئے روانہ ہوں گے۔دوسری طرف قومی اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا جاری کرتے ہوئے مہمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی، قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت شام 6 بجے ہوگا، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اجلاس کا 9 نکاتی ایجنڈا جاری کیا ہے، آئینی ترمیم آج سپلیمنٹری ایجنڈا کے ذریعہ لائی جاسکتی ہیں، اس مقصد کے لیے اجلاس کے آغاز پر معمول کا ایجنڈا معطل کرنے کی تحریک منظور کی جائے گی۔ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ سکیورٹی کے پیش نظر قومی اسمبلی کے اجلاس میں مہمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گی ہے، صرف میڈیا کے ان نمائندوں کو پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت ہوگی جن کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے فل سیشن پریس گیلری کارڈ جاری کیے گے ہیں۔