حکومتی کوششوں کے باوجود پولیو وائرس قابو سے باہر، سندھ میں پولیو کے مزید دو نئے کیسز سامنے آ گئے۔ قومی ادارہ صحت کی ریجنل پولیو ریفرنس لیبارٹری نے نئے پولیو کیسز کی تصدیق کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق سانگھڑ کی بچی اور میرپورخاص کا بچہ پولیو وائرس کا شکار ہوئے ہیں. جس کے بعد ای پی آئی پروگرام اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی کارکردگی پر سوال اٹھنے لگے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سانگھڑ اور میرپورخاص سے اس سال پہلی بار کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ میرپورخاص کے ماحولیاتی نمونوں میں پہلے ہی پولیو وائرس ٹائپ ون پایا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق پولیو پروگرام نے 28 اکتوبر سے انسداد پولیو کی ملک گیر مہم کا اعلان کر دیا. مہم کے دوران 45 لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔ پاکستان میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 39 ہو گئی ہے، جبکہ سندھ میں سامنے آنے والے کیسز 12 ہو گئے ہیں.اب تک بلوچستان سے 20، کے پی سے 5، پنجاب سے 1، اسلام آباد سے ایک کیس سامنے آیا ہے۔