میثاق جمہوریت کا نامکمل ایجنڈا آج مکمل ہوگیا: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت کا نامکمل ایجنڈا آج مکمل ہو گیا۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے۔ اور میثاق جمہوریت کا نامکمل ایجنڈا آج مکمل ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ چند دن پہلے جو فائنل ڈرافٹ کمیٹی میں پیش ہوا اس میں تمام جماعتوں کے نمائندے شامل تھے۔ وفاقی وریز قانون نے بریف کیا جس میں پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر صاحب بھی موجود تھے۔ خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں پی ٹی آئی کے ملک عامر ڈوگر نے بھی آئینی ترمیم کی متفقہ منظوری دی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ کوشش تھی کہ تمام جماعتیں آن بورڈ ہوں۔ مولانا فضل الرحمان نے پوری کوشش کی اور ہماری کوشش تھی کہ پی ٹی آئی بھی ساتھ ہو لیکن ان کا فیصلہ ہے جو بھی کریں۔انہوں نے کہا کہ کل مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ تمام کلازز پر متفق ہیں۔ شاید پہلی آئینی ترمیم ہے جو یہیں ٹرِگر ہو کر یہیں پر پاس کی گئی ہے۔ تاہم اب بل نیشنل اسمبلی میں پاس ہو گا تو پھر یہ آئین کا حصہ بن جائے گا۔نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ساری چیزیں زیر بحث آئیں اور ورکنگ ڈرافٹس بدلتے رہے۔ نہ صرف 18 سال پرانا نامکمل ایجنڈا مکمل ہو رہا ہے بلکہ صوبوں کو بھی آئینی دستیابی ہوئی۔ 100 کے قریب ترامیم آئیں گی جوعام آدمی کے لیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ووٹ نہیں دیا جو ان کا حق ہے۔ تاہم اچھی شروعات ہیں اور مل کے جو بڑا کام ہے وہ کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن