ٹانک : محسود مخالف ترکستان بیٹنی نے 500 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیئے

ٹانک + کوہاٹ + سوات (مانیٹرنگ نیوز + ریڈیو نیوز + ایجنسیاں) بیٹنی قبائل اور بیت اللہ محسود کے مخالف گروپ کے رہنما حاجی ترکستان بیٹنی نے ٹانک میں 500 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دئیے اور پاک فوج کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیا‘ درہ آدم خیل میں زوڑکلے چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں 2 سکیورٹی اہلکار جاںبحق ہو گئے۔ سوات میں آپریشن کے دوران اہم کمانڈر اکبر عرف چمتو سمیت 6 شدت پسند مارے گئے جبکہ 52 نے سرنڈر کر دیا‘ 7 کو گرفتار کر لیا گیا‘ کبل میں 20 شدت پسندوں کے گھر فورسز نے مسمار کر دئیے‘ باڑہ میں جھڑپ کے دوران 2 شدت پسند جاںبحق متعدد زخمی ہو گئے۔ فورسز کے بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا‘ باجوڑ ایجنسی کی تحصیل خار میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔ دیر سے باجوڑ داخل ہونے والے 8 مشتبہ افراد کو فورسز اہلکاروں نے گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق حاجی ترکستان بیٹنی نے کوڑ قلعہ چیک پوسٹ پر 500 ساتھیوں سمیت رضاکارانہ طور پر خود کو حکام کے حوالے کر دیا۔ ترکستان بیٹنی نے ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ساتھیوں سمیت رضا کارانہ طور پر خود ہتھیار ڈالے ہیں قیام امن کے سلسلے میں پاک فوج کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی قیام امن کے لئے ہونے والی کوششوں کے حامی ہیں۔ حاجی ترکستان بیٹنی نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز نے موجودہ حالات میں سرگرمیاں بند کرنے کے بارے میں کہا ہے۔ اس حوالے سے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ جی این آئی کے مطابق امن کمیٹی کے سربراہ حاجی ترکستان نے تحریک ختم کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے ڈی آئی خان‘ ای ڈی آر ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے بیت اللہ محسود کے خلاف مسلح امن فورس قائم کی تھی۔ ٹانک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے مزید پانچ ہزار ساتھی ہتھیار ڈالیں گے۔ واضح رہے کہ ترکستان بیٹنی گروپ کے ارکان ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، وزیرستان میں سرعام اسلحہ لے کر پھرتے تھے سرنڈر کئے جانے کو ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ سابق سیکرٹری فاٹا بریگیڈیئر (ر) محمود شاہ نے کہا ہے کہ ترکستان بیٹنی کا ہتھیار ڈالنا ایک مثبت عمل ہے۔ درہ آدم خیل میں زوڑکلے چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں دو سکیورٹی اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہو گئے‘ عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور کی عمر 17 سال کے قریب تھی۔ ثناء نیوز کے مطابق مینگورہ کے علاقہ جامبیل اور بری کوٹ سے مزید 4 شدت پسندوں کی نعشیں ملی ہیں‘ سکیورٹی فورسز کے مطابق یہ شدت پسند مقابلے میں مارے گئے‘ 3 کی شناخت نہیں ہو سکی‘ بانڈئی کے علاقے میں اہم کمانڈر اکبر عرف چمتو سمیت 2 شدت پسند جاںبحق ہو گئے‘ اکبر علاقے میں سخت گیر کمانڈر کے طور پر مشہور تھا۔ سوات میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مزید 6 شرپسندوں کو اشتہاری قرار دے دیا۔ ان میں محمد نسیم‘ طاہر‘ علی حیدر‘ بہروز‘ سجاد شامل ہیں‘ عدالت نے انہیں سات روز کے اندر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن