وادی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرغور کے لیے بھارتی وزیراعظم کی ہدایت پر مختلف جماعتوں کے رہنماؤں پر مشتمل اڑتیس رکنی وفد سری نگر پہنچا ہے ۔ بھارتی وزیر داخلہ چدمبرم کی سربراہی میں وفد مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی حکمرانوں اور حریت رہنماؤں سے ملاقاتیں کرے گا۔ تاہم حریت رہنما سید علی گیلانی اورمیر واعظ عمر فاروق نے مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے وفد سے ملاقات سے انکار کردیا ہے۔ ادھر پی ڈی پی کی محبوبہ مفتی نے بھی وفد سے بات چیت نہ کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق وفد کے بعض اراکین سید علی گیلانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کریں گے۔ دوسری جانب مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی جانب سے بھارت مخالف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ قابض فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی ہلاکت کی وجہ سے کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ قابض انتظامیہ نے وفد کے دورے کے موقع پرسری نگرسمیت وادی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ نو روز سے جاری کرفیو میں مزید سختی کردی ہے۔ بھارتی ریاستی دہشتگردی کی تازہ لہر میں اب تک ایک سو بیس سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے وادی بھر میں بھارت کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔