شہبارشریف کی خیبر پی کے کو ڈینگی کیخلاف پنجاب کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش

Sep 20, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے خیبر پی کے حکومت کو ڈینگی سے نمٹنے کے لیے حکومت پنجاب کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانے کی باضابطہ پیش کش کی ہے۔ حکومت پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ حکومت نے خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت کو پیش کش کی ہے کہ وہ پنجاب کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھائے کیونکہ حالیہ سالوں میں ڈینگی کی وباء سے نمٹنے کے لیے اسے وسیع تجربہ حاصل ہوا ہے۔ ’’شہباز شریف نے خیبر پی کے ڈاکٹروں کی ٹیمیں، ادویات اور ماہرین حشرات بھجوانے کی پیش کش کی ہے ‘‘۔ ترجمان نے کہا کہ پنجاب ڈینگی سے نمٹنے کے لیے دوسرے صوبوں کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ ہمارا مقصد بین الصوبائی یکجہتی کو فروغ دینا ہے اور ہم خیبر پی کے کی عوام کو مشکل کی اس گھڑ ی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور پنجاب نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2011ء میں ڈینگی نے پنجاب پر بھر پورحملہ کیا تھا اور صوبائی حکومت کو اس موذی مرض سے نمٹنے کا کوئی تجربہ اور علم بھی نہیں تھا۔ شہباز شریف حکومت نے دن رات کام کیا ،سری لنکا سے ڈینگی ماہرین بلوائے اور ڈینگی کے خلاف حکومتی مشنری اور عوام کی شرکت سے ایک بھر پور مہم شروع کی تاکہ لوگوں کو اس سے بچایا جاسکے۔ ترجمان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اس سلسلے میں اپنا لو ہا منوایا ہے۔ 

مزیدخبریں