میلسی (خبر نگار) غربت سے تنگ‘ شادی نہ ہونے پر دلبرداشتہ ہو کر کہروڑ پکا کے چاہ حنبل والا کے رہائشی بشیر احمد کی پانچ بیٹیوں نے میلسی لنک کینال میں چھلانگ لگا دی۔ چار جاں بحق ایک کو زندہ بچا لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق کہروڑ پکا چاہ حنبل والا کے رہائشی غریب مزدور بشیر احمد کی پانچ بیٹیوں 45 سالہ زینت مائی‘ 42 سالہ نذیر بی بی‘ 35 سالہ نازیہ بی بی‘ 32 سالہ فیضاں بی بی اور 30 سالہ ساموں بی بی نے غربت سے تنگ اور شادی نہ ہونے پر دلبرداشتہ ہو کر میلسی لنک کینال میں چھلانگ لگا دی۔ 30 سالہ ساموں بی بی کو وہاں پر موجود لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نہر سے زندہ نکال لیا جبکہ زینت بی بی‘ نذیر بی بی‘ نازیہ بی بی اور فیضاں مائی کو نہ نکالا جا سکا۔ بعدازاں ریسکیو 1122 کی ٹیمیں وہاڑی سے پہنچ گئی جنہوں نے نعشوں کی تلاش شروع کر دی۔ اطلاعات کے مطابق کوئی نعش بھی نہ مل سکی۔