سڈنی (نیوز ایجنسیاں) دورہ بھارت کے لئے آسٹریلوی ون ڈے ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، انگلینڈ کے خلاف ڈیبو کرنے والے پاکستانی نژاد لیگ سپنر فواد احمد ٹیم سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ بھارت کے خلاف سات ون ڈے میچز کے لئے چودہ رکنی سکواڈ کی قیادت مائیکل کلارک کریں گے، جارج بیلی نائب کپتان ہونگے، آسٹریلوی ٹیم دورے پر ایک ٹی ٹونٹی میچ بھی کھیلے گی۔ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے ڈیبیو کرنے والے لیگ سپنر فواد احمد کو سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ انکی جگہ زیویر ڈوہرتی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کی جگہ تجربہ کار بریڈ ہیڈن کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ کینگروز کے سکواڈ میں مائیکل کلارک (کپتان)، جارج بیلی (نائب کپتان)، بریڈ ہیڈن (وکٹ کیپر) شین واٹسن، ایرون فنچ، فلپ ہیوز، ایڈم وگیز، موسس ہینرکیوز،گلین میکس ویل، مچل جانسن، جیمز فالکنر، نیتھن کولٹر نائیل، کلنٹ میک کائے اور زوئیر دھورتی شامل ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم دورے کا آغاز 10 اکتوبر کو ہونے والے ٹی ٹونٹی میچ سے کرے گی۔