لاہور (نامہ نگار) فیصل ٹاﺅن کے علاقہ میں ناکے پر روکنے پر موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ناکے لگا کر کھڑے پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار دو افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے موٹر سائیکل روکنے کی بجائے پولیس پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک پولیس کانسٹیبل غلام مصطفی ہلاک ہوگیا جبکہ موٹر سائیکل سوار فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والا کانسٹیبل قصور کا رہائشی تھا اور گزشتہ 8 سال سے فیصل ٹاﺅن کے علاقہ میں رہائش پذیر تھا۔ اس کی شادی بھی کچھ عرصہ قبل ہوئی تھی۔ پولیس نے کانسٹیبل غلام مصطفی کی نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرادی ہے اور سب انسپکٹر محمد افضل کی مدعیت میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش میں چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں۔کانسٹیبل غلام مصطفی کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر شہید کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے سی سی پی او کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا کہ آپ کے بیٹے نے فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کیا ہے۔
کانسٹیبل ہلاک
فیصل ٹاﺅن: نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ، کانسٹیبل جاں بحق
Sep 20, 2014