لندن (آئی این پی) دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے لندن میں دفاعی سازوسامان کی عالمی نمائش میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر رانا تنویر حسین نے برطانیہ کے وزیر دفاعی پیداوار سمیت دیگر ممالک کے وزراءسے ملاقاتیں کیں جن میں دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیررانا تنویر حسین جو ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں، نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دفاع اور سیکیورٹی آلات کی عالمی نمائش میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ وفد میں وزارت دفاعی پیداوار اور جی ایچ کیو کے افسران شامل تھے۔ نمائش کے دوران رانا تنویر حسین نے فلپ ڈونی وزیر دفاعی پیداوار برطانیہ اور برطانیہ کے پریڈ اینڈ ڈیفنس سیکرٹری سٹیفن پپسن سے ملاقاتیں کیں، پاکستانی وفد نے نمائش کے دوران لگائے گئے مختلف سٹالز کا بھی دورہ کیا اور عالمی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کیں اور پاکستان میں تیار کئے جانے والے اسلحہ اور جدید سکیورٹی آلات سے متعلق انہیں بریف کیا،اس نمائش میں دنیا بھر سے 1500سے زائد وفود نے شرکت کی۔
رانا تنویر حسین/ نمائندگی
لندن: دفاعی سازوسامان کی عالمی نمائش وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پاکستان کی نمائندگی، برطانوی ہم منصب سمیت کئی ممالک کے وزراء سے ملاقاتیں
Sep 20, 2015