دبئی + اسلام آباد (اے پی پی + اے ایف پی) دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے بڑے صاحبزادے شیخ راشد محمد بن راشد المکتوم دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق شیخ راشد کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ ان کی عمر 34 برس تھی۔ شیخ راشد محمد بن راشد کی وفات کے بعد دبئی کی حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے پرچم سرنگوں کردیا ہے ۔صدر ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے شیخ راشد بن محمد بن راشد المکتوم کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔