کیپٹن اسفند یار کی قبر اٹک میں انکے خریدے ہوئے پلاٹ میں بنی

اسلام آباد+ لاہور (صباح نیوز+ اے پی پی+ نیوز رپورٹر ) پشاور دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید کیپٹن اسفند یار نے اپنی تنخواہ سے اٹک کے علاقے شین باغ میں پلاٹ خریدا جہاں انکی وصیت کے مطابق انکی قبر تیار کی گئی۔ شہادت کا جذبہ لئے سبز ہلالی پرچم میں جسد خاکی لپٹے، کیپٹن اسفند یار بخاری کو راہِ حق میں شہادت کا شاید علم تھا۔ کیپٹن اسفند یار احمد بخاری کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ اٹک کے علاقے شین باغ کے قریب نورا بابا گائوں میں سپرد خاک کیا گیا۔ اٹک آرٹلری سینٹر اور 11 ایف ایف کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر عنایت حسین نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور اپنی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ یونٹ سی او وسیم نے اپنے یونٹ اور صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرف سے ان کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ نماز جنازہ میں بریگیڈیئر فیاض مغل، بریگیڈیئر عنایت حسین، بریگیڈیئر کامران، بریگیڈیئر زاہد اور دیگر اعلی فوجی و سول حکام، پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد، ایم ایل اے راجہ محمد صدیق، سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات و علاقہ کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے جامع انتظامات کئے گئے تھے۔ مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے شہید کیپٹن اسفند یار بخاری کے گھر جا کر انکے اہل خانہ کیساتھ اظہارتعزیت کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کیپٹن اسفند یار نے جانفشانی کے ساتھ دشمن کے ساتھ لڑتے ہوئے دفاع وطن کیلئے جان کی قربانی دیکر اہل خانہ اور قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ شہید کے والد کا عزم واستقلال اور صبر قابل تحسین ہے اور ان کے خیالات پوری قوم کیلئے مشعل راہ ہیں۔ دہشت گردوں کیخلاف جنگ ضرب عضب کی شکل میں آخری فتح تک جاری رہے گی۔ پاک فوج دہشت گردوں کا خاتمہ کرکے دم لے گی، فوج اور حکومت ملکر دہشت گردوں کیخلاف نبرد آزما ہیں۔ کیپٹن اسفند یار کی نماز جنازہ میں پورا شہر امڈ آیا۔ اسفند بخاری شہید کے گھر پر لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔ شہید کے والد نے کہا ہے کہ بیٹے کے سینے پر گولیوں کے نشان دیکھ کر اس کو سلیوٹ کیا، بیٹے کی شہادت پر فخر ہے۔ شہید کے گھر آنے والے افسوس نہیں کر رہے بلکہ شہید کے والد کی فرمائش پر انہیں مبارکباد دے رہے تھے۔ ڈاکٹر فیاض بخاری کہتے ہیں کہ شہادت سے ایک رات قبل باپ بیٹے کے درمیان فون پر ہونے والی گفتگو کا موضوع میجر شبیر شریف شہید تھے اور شاید شہادت کے وقت اسفند کے ذہن میں بھی میجر شبیر شریف کا وقت شہادت تھا۔ اسی وجہ سے وہ جانفشانی سے لڑے اور سرخرو ہو گئے۔ سندھ حکومت نے کراچی کے علاقے کورنگی کی ایک شاہراہ کو شہید کیپٹن اسفند یار بخاری کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے کہا کہ کیپٹن اسفند یار اور دیگر شہدا کی قربانیوں کو قوم کبھی نہیں بھولے گی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...