لاہور، 50 لاکھ کے ڈاکے: قصور، مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو ہلاک

Sep 20, 2016

لاہور+قصور+ الہ آباد (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات و قیمتی اشیاء و سامان سے محروم کر دیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ڈاکوئوں نے گجر پور میں سلمان سے 3 لاکھ 43 ہزار کی نقدی، مانگا منڈی رائیونڈ پر واقع ٹیلی فون ایکسچینج میں سکیورٹی گارڈز کو باندھ کر 3 لاکھ 40 ہزار کی بیٹریاں، شفیق آباد میں فیصل کی دکان سے 63 ہزار کی نقدی و موٹرسائیکل، کاہنہ میں عاصم سے 10 لاکھ 37 ہزار، مسلم ٹائون میں جمشید اور اس کی فیملی سے 7 لاکھ 86 ہزار ملت پارک میں عاطف سے 3 لاکھ 80 ہزار کی نقدی و موبائل، لیاقت آباد میں وقار اور اس کی فیملی سے 5 لاکھ 28 ہزار ملت پارک میں اویس اور اس کی فیملی سے 5 لاکھ 25 ہزار اقبال ٹائون میں فرخ اور اس کی فیملی سے 3 لاکھ 2 ہزار ملت پارک میں ہی جاوید اور اس کی فیملی سے 5 لاکھ 48 ہزار ستوکتلہ میں ابرار اور اس کی فیملی سے تین لاکھ 17 ہزار کی نقدی و زیورات لوٹ لئے گئے، قصور سے نامہ نگار کے مطابق الٰہ اباد کے نزدیک ایک زیر حراست خطرناک ڈاکو مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ہلاک ہو گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق چند دن قبل پولیس تھانہ الٰہ آباد نے تیرہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ڈاکو اکرم عرف اکری کو ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا۔اس کے انکشاف پر پولیس اس کے پانچ ساتھی ڈاکوئوں کو گرفتار کرنے کے لیے ڈاکو اکرم عرف اکری کو نشاندہی کے لیے اپنے ساتھ لے کر گئی۔ جب پولیس پارٹی اٹاری روڈ کے نزدیک پہنچی تو اس کے چھپے ہوئے ساتھی ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجہ میں زیر حراست ڈاکو اکرم عرف اکری اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

مزیدخبریں