اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت دو الگ اجلاسوں میں ریونیو‘ سیلز ٹیکس ری فنڈز کے اجرائ‘ سی اے آر سی ای کے اجلاس‘ اے ڈی بی اور آئی ایم ایف کے سربراہوں کے مجوزہ دورہ پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان نے اب تک جمع ہونے والے ریونیو کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی سہ ماہی میں ریونیو کی صورتحال اچھی رہی ہے اور عید کی تعطیلات کے خاتمہ کے بعد ریونیو کے جمع کرنے میں تیزی آئے گی۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ ریونیو کے ہدف کے حصول کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔ اجلاس میں ’’ڈوئنگ بزنس سٹریٹجی‘‘ کے تحت ایف بی آر کی طرف سے اٹھائے جانے و الے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے اپنے دورہ پیرس کے بارے میں اجلاس کے شرکاء کو بتایا۔ انہوں او ای سی ڈی کے ساتھ ٹیکس امور کے بارے میں کنونشن پر دستخط کرنے کے متعلق بتایا۔ دوسرے اجلاس میں سیکرٹری اقتصادی امور نے سی اے آر سی ای کے وزارتی اجلاس کی تیاریوں کے بارے میں بتایا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کانفرنس میں تجارت‘ توانائی‘ ٹرانسپورٹ کے شعبوں پر بات چیت ہو گی۔ جبکہ کانفرنس میں ای ڈی بی‘ آئی ایم ایف‘ ای بی آر ڈی بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں آئی ایم ایف عالمی بینک کے اکتوبر کے مشترکہ اجلاس کے بارے میں بھی مشاورت کی گئی۔