راولپنڈی/ کراچی/ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ + کرائم رپورٹر) سی ٹی ڈی پنجاب نے راولپنڈی، اٹک اور ٹیکسلا میں آپریشن میں کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد ہاشم خان کا تعلق مہمند ایجنسی، شکیل خان باجوڑ ایجنسی، شاہین اورکزئی ایجنسی اور عمران گجرات کا رہائشی ہے۔ داعش کیلئے دہشت گردوں کے بھرتی مرکز کا انکشاف ہوا ہے۔ گرفتار دہشت گرد افغانستان میں داعش خراسان کے سربراہ سے ملے تھے۔ علاوہ ازیں کراچی میں رینجرز نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے 3 افراد سمیت 54 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ان افراد کو گرفتار کیا۔ ادھر مردان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے 2 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر کے دو خودکش جیکٹ اور تین دستی بم بھی برآمد کر لئے گئے جبکہ چنیوٹ میں سرچ آپریشن کے دوران 13 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ادھر کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نامعلوم افراد نے پاک سرزمین چوک پر یادگار کوآگ لگا دی اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ ادھر سی ویو کے قریب ٹریفک پولیس افسر نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلحہ چھیننے کی کوشش ناکام بنادی۔ علاوہ ازیں کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی اور اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 46 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے منشیات کے اڈوں کو بھی آگ لگا دی۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق ایف سی نے مند کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے شر پسندوں کے زیر استعمال کمپائونڈ سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیاہے۔ ادھر ایف سی نے لورالائی کے علاقے دورگ میں سرچ آپریشن کے دوران بھی اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
راولپنڈی، اٹک، ٹیکسلا میں 4 دہشت گرد گرفتار، کراچی میں 54 مشتبہ پکڑے گئے
Sep 20, 2016