اسلام آباد( صباح نیوز) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے میر مرتضیٰ بھٹو کی آج 20 ستمبر 2016 کو 20ویںبرسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر مرتضیٰ بھٹو نہایت جری اور بہادر انسان تھے جنہوں نے اپنی زندگی ڈکٹیٹرشپ کے خلاف لڑتے ہوئے گزاری۔ جس انداز میں میر مرتضیٰ بھٹو کو قتل کیا گیا اور اس کے بعد اس کے قتل کی تفتیش کرنے والے اس افسر کو بھی قتل کر دیا گیا جس سے بہت لوگوں کو آج تک یقین ہے کہ یہ ایک سازش تھی اور ایک بھٹو کو قتل کرنے کے بعد دوسرے بھٹو کی حکومت کو برطرف کر دیا گیا۔ سابق صدر زرداری نے کہا کہ قدرت کا انصاف کرنے کا اپنا طریقہ ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ میر مرتضیٰ بھٹو کا قتل ہمیشہ راز نہیں رہے گا ، مجرموں کا چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوگا اور انہیں سزا بھی ضرور ملے گی۔