راولپنڈی + اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی) عبدالرشید غازی قتل کیس میں مشرف کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں مشرف کی گرفتاری تک کیس داخل دفتر کر دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج پرویز القادر میمن نے ایک صفحے پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ دوسری جانب ججز نظر بندی کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ ملزم کی جانب سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہ ہوا سیکرٹریٹ پولیس نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی جس میں کہا گیا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے چک شہزاد فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا گیا لیکن معلوم ہوا کہ ملزم بیرون ملک فرار ہو چکا ہے۔