ہارون آباد (نامہ نگار) مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ محمد اعجاز الحق ایم این اے نے ہارون آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں اسرائیل سے بھی بڑھ کر بربریت کررہا ہے۔ برہان وانی کی شہادت نے کشمیر کی تحریک آزادی کو فیصلہ کن موڑ پر لاکھڑا کیا ہے اور کشمیریوں کی تحریک میں پاکستانی پرچم کا لہرایا جانا کشمیریوں کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے جذبے کا اظہار ہے۔ بھار ت نہتے کشمیریوں پر کیمیکل چھرے استعمال کرکے انسانی حقوق پامال کررہا ہے۔ وزیر اعظم کے کشمیر کیلئے نمائندے کی حیثیت سے 25 ستمبر کو بیلجیئم جاکر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے حوالے سے پاکستان کا ٹھوس موقف ہر فورم پر پیش کرونگا۔ بھارت بلوچستان میں مداخلت کررہا ہے اور کل بھوشن کی گرفتاری اور انکشافات میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ بھارت نے بلوچستان ریڈیو کی نشریات شروع کررکھی ہیں اور اسے یاد رکھنا چاہئے کہ خالصتان ریڈیو کی نشریات بھی شروع ہوسکتی ہیں۔ پاکستان افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا‘ دھرنے اور مارچ کی بجائے موجودہ حالات کے تناظر میں سب کو یک آواز اور ہم آہنگ ہوکر پاکستان کے استحکام کے نقطہ پر متحد ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو دعویٰ کرنے کی بجائے عملی طور پر لندن سے تعلق کو ختم کرنے کے پہلو کو ثابت کرنا ہوگا۔ ماڈل ٹائون واقعہ کا مقدمہ عدالت میں زیرسماعت ہے اور اسے یورپی یونین میں اٹھانے سے پاکستان کو بدنامی کے سوا کچھ نہیںملے گا۔
بھارت نے بلوچستان ریڈیو نشریات شروع کیں‘ ہم خالصتان کی بھی شروع کرسکتے ہیں: اعجاز الحق
Sep 20, 2016