پاکستانی نژاد 7 سالہ برطانوی بچے نے کم عمر ترین کمپیوٹر پروگرامر کا اعزاز اپنے نام کرلیا

Sep 20, 2016

مانچسٹر + لندن( نمائندہ خصوصی +این این آئی) پاکستانی نژاد برطانوی طالب علم محمد حمزہ شہزاد نے دنیا کے سب سے کم عمر کمپیوٹر پروگرامر کا عالمی ریکارڈ بنالیا۔ حمزہ شہزاد نے مائیکرو سافٹ کے امتحان ’’361-98 سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ فنڈامینٹلز‘‘ میں کامیابی حاصل کرلی، ان کی عمر صرف 7 سال ہے، امتحان میں عمومی کمپیوٹر پروگرامنگ، آبجیکٹ اوریئنٹڈ پروگرامنگ اور سی شارپ، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، ویب ایپلی کیشن ڈویلپمنٹ، ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشنز اور ڈیٹابیس سے متعلق سمجھ بوجھ اور عملی مہارت کے بارے میں قابلیت جانچی جاتی ہے۔ حمزہ شہزاد کے والد عاصم شہزاد اور والدہ سیماب عاصم نے کہا کہ انہوں نے کبھی اس پر کمپیوٹر سیکھنے کیلئے دباؤ نہیں ڈالا۔ اپنے بیٹے کے اس عالمی اعزاز پر وہ خود کو دنیا کے خوش نصیب ترین والدین محسوس کرتے ہیں۔ مائیکرو سافٹ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں حمزہ شہزاد کی قابلیت اور مہارت کا اعتراف کیا ہے۔

مزیدخبریں