کولکتہ (آئی این پی)بھارت اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں خصوصی پانچ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ کھیلنے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پیر کو کولکتہ پہنچ گئیں، جہاں میزبان کھلاڑی ایئرپورٹ پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔دراصل پلیئرز کو کسی وجہ سے ہوٹل تک لے جانے میں تاخیر تھی اس پر انہوں نے کسی حیل وحجت اور اپنے سپر اسٹار اسٹیٹس کا خیال کیے بغیر وہیں فرش پر ڈیرے ڈال دیے۔سابق کپتان اور وکٹ کیپر ایم ایس دھونی کو سونے کے لیے بہانہ اور موقع چاہیے، وہ بیگ سرہانے رکھ کر لیٹ ہی گئے۔ بعدازاں کھلاڑیوں کو ہوٹل پہنچادیا گیا۔خیال رہے کہ دھونی گزشتہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے میچ میں گراﺅنڈ میں تماشائیوں کے پتھراﺅ کے سبب کھیل روکے جانے کے دوران پچ پر بھی سوگئے تھے۔چنئی کے پہلے میچ میں فتح کے بعد میزبان ٹیم کافی ریلیکس ہے۔ دوسرا ایک روزہ میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ اس لیے کھلاڑیوں نے پیر کے روز آرام کیا۔