”لاہور میں عالمی معیار کا ٹینس کورٹ“یقین نہیں آرہا، اسی میں ٹریننگ کرونگا:اعصام الحق

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق کاوالدین کے ہمراہ نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کادورہ ، عالمی معیار کے ٹینس کورٹ کا افتتاح کر دیا۔،ڈی جی سپورٹس بورڈپنجاب نے ٹینس سٹیڈیم کادورہ بھی کرایا۔ٹینس سٹار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں بنایا گیا ٹینس کورٹ عالمی معیار کے عین مطابق ہے، یقین نہیں آ رہا کہ لاہور میں اس معیار کا ٹینس کورٹ بن گیا ہے۔ پاکستان میں ہوا تو اسی کورٹ میں ٹریننگ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹینس کے فروغ کےلیے رول ماڈل بننا چاہتا ہوں۔ امید ہے ملکی حالات بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں عالمی ٹینس مقابلے بحال ہوں گے۔ ٹینس سٹارز یہاں آ کر کھیل سکیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب سپورٹس بورڈ کی جانب سے نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں سٹیٹ آف دی آرٹ سوئمنگ کمپلیکس بنایا جا چکا ہے جہاں سوئمنگ کے عالمی کوچز نے پاکستانی سوئمرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا، منتخب سوئمرز کو مزید ٹریننگ کیلیے انگلینڈ بھجوایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ شادی کے بارے میں نہیں سوچا جب ہو گی سب کو بتاوں گا۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کا کہنا تھا کہ اعصام الحق پاکستان کا فخر ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے ، ٹینس کورٹ میں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، ٹینس اکیڈمی کا بھی جلد افتتاح ہوگا، کرکٹ کی طرح ٹینس کے کھیل پر بھی طاری جمود جلد توڑ دیں گے اور بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان آکر کھیلیں گے ۔قبل ازیں ٹینس سٹار اعصام الحق نے سپورٹس بورڈ پنجاب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن سے ملاقات کی اس موقع پر ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز ظہیر عباس اور ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ اور اعصام الحق کی والدہ محترمہ نوشین احتشام بھی موجود تھےں، اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب نے ٹینس سٹار اعصام الحق کو خوش آمدید کہتے ہیں گلدستہ اور سوینئر بھی پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن