لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور میں امریکی قونصل جنرل ایلزبتھ کینیڈی ٹروڈو نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کی ترقی میں بھرپور تعاون کرنے کا خواہاں ہے۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے دورہ کے موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ سے بات چیت کرتے ہوئے ایلزبتھ کینیڈی ٹروڈو کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں اور ہم نے کٹھن وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کی مدد کی ہے تاہم اب ہمیں باہمی معاشی تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہو گا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت آمد کے موقع پر امریکی قونصل جنرل ایلزبتھ کینیڈی ٹروڈو کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پنجاب میں سرمایہ کاری و تجارت کے لئے میسر بے پناہ مواقع سے روشناس کروایا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک کے نمائندگان نے اتفاق کیا کہ ہمیں معاشی تعاون سمیت دیگر شعبوں کے حوالے سے تواتر کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنا چاہئے تاکہ باہمی تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
امریکہ پاکستان کی ترقی میں بھرپور تعاون چاہتا ہے: ایلزبتھ کینیڈی
Sep 20, 2017