شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ زمبابوے کے بعد ورلڈ الیون کی پاکستان آمد سے ملک کے اندر انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے میں بڑی مدد مل رہی ہے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس کے بغیر کرکٹ کا حسن مکمل نہیں ہوسکتا، پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے اقدامات قابل ستائش ہیںاور ان کے اقدامات کی بدولت اب آہستہ آہستہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بڑی مدد مل رہی ہے، پاکستان میں کرکٹ کا مستقبل روشن ہے یہاں پر کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے جسے تلاش کرنے کیلئے کرکٹ بورڈ کو مزید اقدامات اٹھانا ہونگے اس ضمن میں کرکٹ اکیڈمیوں کا قیام نیک شگون ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر رانا نوید الحسن کرکٹ اکیڈمی کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مصباح الحق نے کہا کرکٹ سے ریٹائرڈ منٹ کے بعد بھی وہ کرکٹ کے فروغ کیلئے اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گےکیونکہ اس کھیل نے مجھے دولت شہرت اور عزت سے نوازا، پاکستانی قوم نے جس طرح مجھے سے ریٹائرڈننٹ کے بعد بھی محبت کا اظہار کیا ہے وہ میرے لئے بہت بڑا سرمایہ اور اثاثہ ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے تلاش کرنے کیلئے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کیڈمیوں کا قیام ، کرکٹ کلبوں کی سرپرستی اور تعلیمی اداروں میں کرکٹ کی برسری حاصل کرنے کیلئے ایسا کرنے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے میری خدمات کرکٹ بورڈ کیلئے حاضر ہیں، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی چھوٹا ہویا بڑا ڈسلپن کی خلاف ورزی پر ایکشن ہونا چاہئے، ہمیں کھلاڑی سے زیادہ اپنے ملک کے وقار، عزت و احترام ہر حال میں مقدم ہے جس نے ہمیں نام مقام اور عزت دی ہے ، انہوں نے رانا نوید الحسن کرکٹ اکیڈمی کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ شیخوپورہ جیسے ایک پسماندہ ضلع میں اتنی بڑی کرکٹ اکیڈمی کا قیام ایک حوصلہ افزاءقدم ہے، شیخوپورہ نے کرکٹ کے میدان میں کئی نامور کھلاڑی پیدا کئے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ بھی اس سرزمین سے مزید سٹار پیدا ہو کر پاکستان کا نام دنیا ئے کرکٹ میں روشن کریں گے۔