لاہور( نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کی ایسٹ زون انتظامیہ کے خلاف کرپشن کی شکایات پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انکوائری شروع کر دی۔ سینئر انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ سلیکشن کے معاملات میں قوانین کی خلاف ورزی پر کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کارروائی کے بعد ایسٹ زون انتظامیہ کے خلاف ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے ایسٹ زون کے عہدیداروں نے لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ سے اجازت لیے بغیر نوجوان کھلاڑیوں سے پیسے لیکر بیرون ملک دورے کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے بعض معاملات میں ایل آر سی اے کے لیٹر ہیڈ کا غلط استعمال بھی کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کی طرف سے پیسے لیکر مختلف ٹیموں میں شامل کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں بعض کرکٹرز نے تحریری طور پر بھی گراس روٹ لیول کی کرکٹ میں کرپشن کی شکایات کی ہیں۔ لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتظامات عبوری کمیٹی چلا رہی ہے۔