اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی سے مرعوب ہوگا اورنہ جھکے گا، آئینی طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے گا۔سیاسی جماعتیں اپنے مفاد کی خاطر الکیشن کمیشن پر دباﺅ ڈالتی ہیںاگلا سال الیکشن کمیشن کیلئے بہت اہم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں الیکٹورل مینجمنٹ کورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اگلا الیکشن نئے الیکشن قانون کے تحت ہوگا، نئے الیکشن بل میں الیکشن کمیشن کو پہلے سے زیادہ بااختیار بنایا گیا ہے، انتخابی عمل سے جڑے دوسرے محکمے الیکشن کمیشن کے ماتحت ہوں گے۔چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے گریڈ 18 کے 29 افسران کی 6 ہفتوں پر محیط ساتویں بیج کی ٹرنینگ کا آغاز منگل سے فیڈرل الیکشن اکیڈمی اسلام آباد میں ہوا۔ افسران کو لیگل فریم ورک، حلقہ بندی، جینڈر اور الیکشن کے اہم امور پر ٹریننگ دی جا رہی ہے، افسران کو اس کورس میں عملی مشقیں بھی کرائی جائیں گی، اس کے ساتھ ساتھ افسران کو نئے آنے والے الیکشن قوانین (الیکشن ایکٹ 2017ئ) سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر تربیت حاصل کرنے کےلئے آنے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عام انتخابات 2018ءکی تیاری کے سلسلہ میں یہ سال انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس میں افسران اور پولنگ عملہ کی جامع ٹریننگ اہمیت رکھتی ہے۔ جامع ٹریننگ کا حصول تمام الیکشن کمیشن کے افسران اور پولنگ سٹاف کےلئے نہایت ضروری ہے۔
سیاسی جماعتیں اپنے مفاد کی خاطر الیکشن کمشن پر دباﺅ ڈالتی ہیں، مرغوب نہیں ہونگے: سیکرٹری
Sep 20, 2017