-جنیوا: پاکستان نے بھارتی فوج کے مظالم کیخلاف پوسٹرز لگوا دیئے

Sep 20, 2017

اسلام آباد/ جنیوا ( آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف سازش کے بعد پاکستان نے جنیوا، سوئٹزر لینڈ میں کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف پوسٹرز آویزاں کردیئے۔ اقوام متحدہ کے دوسرے بڑے دفتر کے باہر جنیوا شہر کی سڑکوں پہ لگائے پوسٹرز میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال، بھارتی قابض فوجیوں کی جانب سے معصوم شہریوں، خواتین، بزرگوں اور بچوں کو ظالمانہ اور کھلے عام تشدد کا نشانہ بنانے کے متعلق نعرے درج ہیں۔ دفترخارجہ اسلام آباد کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر کے مطابق پاکستان نے گزشتہ روز جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے سڑکوں پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پوسٹرز آویزاں کردیئے۔ جن میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال جاننے کیلئے اپنے وفد بھیجے۔ ان پوسٹرز پر درج ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر مظالم کا سلسلہ کئی سالوں سے جاری ہے وہ بند ہونا چاہیے۔ حال ہی میں بھارتی افواج نے معصوم کشمیریوں پر گولیاں برسا کر جو ظلم کیے ہیں اس سے بہت سے لوگ دیکھنے کی صلاحیت سے محروم ہوگئے ہیں اور بعض زندگی اور موت کی جنگ لڑرہے ہیں۔ ادھر نجی ٹی وی نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی جنیوا میں پاکستان مخالف مہم چلائی گئی ہے۔ اس مہم کو منظم کرنے میں بھارتی مشن کے لوگ دیکھے گئے ہیں۔ اس مہم پر ڈھائی سے 3 ملین فرانک خرچ کئے گئے ہیں۔ پاکستان کیخلاف ٹرام سروس، بسوں کے نیٹ ورک، انسانی حقوق کی تنظیموں کے دفاتر پر جگہ جگہ سائن بورڈز، پوسٹرز لگائے گئے ہیں جس میں بلوچستان کے حوالے سے مہم چلائی جارہی ہے۔ نجی ٹی وی نے جب تحقیق کی تو مقامی اشتہاری کمپنی نے بتایا کہ ایک کمرشل آرگنائزیشن سے اشتہاری مہم کا معاہدہ پورے سال کیلئے ہوا ہے۔ اگر وہ یہ معاہدہ ختم کرتے ہیں تو انہیں قانونی مشکلات کا سامنا ہوگا۔

مزیدخبریں