چین بڑی مارکیٹ ہے‘ پاکستان استفادہ کرے:شاہوزینگ

کراچی (کامرس رپورٹر) چینی تاجروں کے چھ رکنی وفد نے منگل کو فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور دونوں ممالک میں تجارتی مواقع اور باہمی تعاون کا جائزہ لیا ۔ چینی ریاستی ملکیتی کمپنی ہائی ٹیک گروپ سے تعلق رکھنے والے وفد نے شاہو زینگ کی قیادت میں قائم مقام صدر منظور الحق ملک ،نائب صدر مرزا اختیار بیگ سے ملاقات کی جب کہ اس موقع پردیگر اعہدیداران اور ممبران بھی موجود تھے ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے شاہو زینگ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکسٹائیل لومز بند ہونے کی طلاعات مل رہی ہیں جس پرافسوس ہے لیکن اس بات کو مد نظررکھنا بھی ضروری ہے کہ اگر مشینری اور لوکیشن درست نہ ہو تو ایسی یونٹس کو بند کرنا زیادہ بہتر ہے تاکہ توانائی اور کاٹن کا ضیاع نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاٹن بہت اچھی ہے ،اسپننگ اور ویونگ مضبوط شعبے ہیں توانائی بحران سے صنعتیں دوچار ہیں لیکن اب توانائی بحران بھی ختم ہونے جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ٹیکسٹائل ،ٹاول سمیت بعض شعبوں میں چین بھی مقابلہ نہیں کرسکتا ۔پاکستانی صنعتکار چینی مشینری کا استعمال کرکے اپنی پیدواربڑھا سکتے ہیں چین دنیا کا سب سے بڑی صارف مارکیٹ ہے جس کا پاکستانی برآمد کنندگان کو فائدہ اٹھانا چاہیے ۔انہوں نے کہا سی پیک انفرااسٹرکچر منصوبہ ہے لیکن اس سے صنعتی ترقی کے مواقع بھی پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ روزگار کے مواقع بڑھے اورملازمین کا زریعہ آمدن میں اضافہ ہو ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چینی حکومت ٹیکسٹائیل شعبے کو درآمدی کاٹن پر درآمدی ڈیوٹی میں رعائت دے رہی ہے ۔منظور الحق ملک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی کے لئے دونوں ممالک کے اسٹیک ہولڈرز کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہے اور کاروباری مواقع بڑھانے کےلئے جوائنٹ وینچرسمیت دیگرآپشنز پر غور کیا جائے مرزا اختیار بیگ کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائیل سیکٹر میں روایتی انداز سے آگے بڑھ کر جدید تقاضوں کے مطابق صنعتوں کو ڈھالنا پڑے گا ۔

ای پیپر دی نیشن