شرجیل میمن و دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی

Sep 20, 2017

کراچی (نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے روبرو سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن اور دیگر کی کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالتی وقت کی کمی کے باعث سماعت اکیس ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ دریں اثنا کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو سابق سیکرٹری بلدیات علی احمد لونڈ کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ ملزم پر 33 کروڑ سے زائد کرپشن کا الزام ہے۔ احتساب عدالت نے چائینا کٹنگ‘ زمینوں پر قبضے اور 32 کروڑ روپے کے فراڈ ریفرنس میں نائن زیرو کے سکیورٹی انچارج منہاج قاضی کی پلی بارگینگ کی درخواست پر نیب کو جواب کرنے کیلئے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ ملزم منہاج قاضی کی پلی بارگینگ کی رپورٹ پیش نہ کرنے پر عدالت برہم ہو گی۔ ریفرنس میں ملزم کی پلی بارگینگ کیلئے مہلت طلب کرنے پر سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ کے روبرو کسٹم ڈیوٹی میں ایک ارب 51 کروڑ روپے گھپلے کے معاملے کی سماعت ہوئی۔ پراسیکیوٹر نیب کے مطابق ملزم نے دیگر ملزموں کے ساتھ مل کر 2014ء میں درآمدات میں کسٹم ڈیوٹی کی مد میں کرپشن کی۔ ملزموں کے خلاف دو ریفرنس دائر ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں