کراچی(وقائع نگار )انتخابی عذرداریوں سے متعلق سندھ میں بنائے گئے 4 الیکشن ٹریبونلزنے کام شروع کردیاہے ،ہائیکورٹ کے حاضر سروس ججز کو ٹریبونلزکا سربراہ بنایا گیا ہے۔جسٹس یوسف علی سعید کراچی کے ضلع شرقی، وسطی اورغربی کی انتخابی عذرداریوں کی سماعت کررہے ہیں، حیدر آباد سرکٹ بینچ میں قائم الیکشن ٹریبونل کے سربراہ جسٹس خادم شیخ نے بھی کام شروع کر دیا۔حیدر آباد کا الیکشن ٹریبونل میرپورخاص اور ٹھٹھہ ڈویژن کی انتخابی عذرداریوں کی بھی سماعت کر رہا ہے، جسٹس شفیع محمد صدیقی کی سربراہی میں الیکشن ٹریبونل نے سکھر سرکٹ بینچ میں کام شروع کر دیا ہے۔این اے 237 سے ہارنے والے امیدوار حکیم بلوچ سمیت 5 امیدواروں نے الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرلیا، الیکشن ٹریبونل نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی دھاندلیوں سے متعلق شکایات کنندہ امیدوار متعلقہ ٹربیونل سے رجوع کرسکتے ہیں۔