لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمن سلیکشن کمیٹی کی سفارش پر دورہ بنگلہ دیش اور آسٹریلوی ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف نیوٹرل وینو پر کھیلی جانے والی ہوم سیریز کے لیے پندرہ رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ بسمہ معروف کی عدم دستیابی کی بنا پر جویریہ ودود کو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دینگی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش ویمن ٹیوں کے درمیان چار ٹی ٹونٹی اور ایک ون ڈے میچ کی سیریز یکم سے 8 اکتوبر تک کھیلی جائیگی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے میچز 18 سے 28 اکتوبر تک ملائیشیا میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ومین ٹیم کی کپتان بسمہ معروف جو سرجری کی بنا پر ڈاکٹر کی ہدایت پر آرام پر ہیں، آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے ان کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔ پاکستان ویمن ٹیم کے چیف سلیکٹر جلال الدین کی جانب سے اعلان کردہ 15 رکنی سکواڈ میں جویریہ ودود (کپتان)، بی بی ناہیدہ، عائشہ ظفر، منیبہ علی، سدرہ امین، عمیمہ سہیل، ندا راشد، سدرہ نواز،ثنا میر، نشریٰ سندھو، انم امین، نتالیہ پرویز، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور ایمن انور شامل ہیں۔ سلیکشن کمیٹی نے پانچ ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ جن میں کائنات امتیاز، ارم جاوید، فریحہ محمود، غلام فاطمہ اور صبا نذیر شامل ہیں۔
دورہ بنگلہ دیش ‘پی سی بی نے قومی ویمنز کرکٹ سکواڈ کا اعلان کردیا
Sep 20, 2018