لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ڈھاکہ میں جاری سہ فریقی ٹی ٹونٹی ڈیف سیریز میں پاکستان ڈیف ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔ سیریز کے آخری لیگ میچ میں پاکستان ٹیم نے میزبان بنگلہ دیش ٹیم کو 8 وکوٹں سے شکست دیکر ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا۔گزشتہ روز کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان ڈیف ٹیم کے کپتان قمر نوید نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کے فاسٹ باولر عثمان میر کی تباہ کن باولنگ کے سامنے بنگلہ دیش ڈیف ٹیم صرف 44 کے۔ سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ عاقب 17 اور ایمن 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کے عثمان میر نے ہیٹ ٹرک سمیت پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جبار علی نے تین اور بلال طارق نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پاکستان ٹیم نے 45 رنز کاہدف 12.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ پاکستان کے بلال یوسف نے 12، ولید اسلم نے 20 (ناٹ آوٹ) اور جبار علی نے 8 (ناٹ آوٹ) رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے دونوں وکٹیں سیتو نے حاصل کیں۔ آخر میں پاکستان کے عثمان میر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سہ فریقی سیریز کا فائنل کل 21 ستمبر کو پاکستان اور میزبان بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔