لاہور (خصوصی رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کا میڈیا آج آزاد ہے، صحافی بہادر اور محب وطن ہیں ہم نے صحافیوں کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔ گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون اور ملک کی ترقی کا ضامن ہے، تحریک آزادی سے لے کر آج تک تمام چیلنجز سے نمٹنے میں میڈیا خصوصاً اخبارات کا کلیدی کردار رہا ہے، اخبارات نے نہ صرف ارباب اختیار کو اصلاح کا راستہ دکھایا بلکہ لوگوں کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ عوام اور ارباب اختیار کے درمیان پل کا کردار بھی ادا کیا۔ صحافیوں نے دشمن کی ہر اٹھنے والی آواز کو دبایا اور اسے منہ توڑ جواب دیا، اسحاق ڈار اور نواز شریف کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک کو برے دن دیکھنے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا صحیح سمت میں حکومت کی رہنمائی کرے، حکمرانوں کی نیت اچھی ہو تو ملک ترقی کرتا ہے، وزیراعظم اچھی سوچ، نیت اور سچے جذبہ سے کام کر رہے ہیں، پوری قوم عمران خان کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔
پرویز الٰہی