اسلام آباد (صباح نیوز) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں جلد صدارتی خطاب پر بحث شروع ہو جائے گی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور سینٹ میں سینیٹر راجہ ظفر الحق کی تقاریر سے صدارتی خطاب پر بحث شروع ہو گی۔ صدارتی خطاب نہ سننے والے اپوزیشن کے ارکان کو بھی بدھ کو صدارتی خطاب کی کاپیاں بھیج دی گئیں۔ صدر عارف علوی نے 17 ستمبر 2018ء تین روز قبل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔ اپوزیشن کی بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام (ف)، پختونخوا ملی عوامی پارٹی نیشنل پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے صدارتی خطاب کا بائیکاٹ کیا تھا پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے پارٹی سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں صدر کے خطاب کو اطمینان سکون سے سنا۔ گزشتہ روز باقاعدہ طور پر تمام ارکان پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ لاجز میں ان کی اقامت گاہوں کے پتوں پر صدارتی خطاب کی کاپیاں ارسال کر دی گئیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کے صدارتی خطاب نہ سننے والے ارکان کو بھی صدارتی خطاب کی باقاعدہ طور پر کاپیاں بھیج دی گئی ہیں ۔
صدارتی خطاب پر جلد دو نوں ایوانوں میں بحث شروع ہو جائے گی
Sep 20, 2018