لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پختون ہمارے بھائی ہیں، انکی پاکستان سے محبت غیرمتزلزل ہے، پختون غیرتمند اور جرأتمند لوگ ہیں۔ ہم بطور پنجاب حکومت چند روز قبل پی ٹی وی نیوز میں پختونوں کے حوالے سے چلنے والے قابل اعتراض اشتہار کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس حوالے سے یقین دلاتے ہیں کہ اس اشتہار کے چلانے میں ملوث ذمہ داران کیخلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ غیور پختونوں کی دلآزاری کے بارے میں سوچا بھی نہیں جاسکتا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مذکورہ قابل اعتراض مواد پر مبنی اشتہار کے چلنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری انکوائری کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اشتہار میں قابل اعتراض مواد شامل کرنے پر متعلقہ اشتہاری ایجنسی کو بلیک لسٹ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اشتہار کو جاری کرنے سے قبل اسکی مانیٹرنگ کے حوالے سے تمام ذمہ دار افراد کیخلاف کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نیوز پر چلنے والے اس اشتہار کی محکمانہ انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے تاکہ ذمہ داران کا تعین کرکے معاملے کی تہہ تک پہنچا جاسکے۔ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ قابل اعتراض مواد غیردانستہ طور پر اشتہار میں شامل اور بعدازاں نشر ہوگیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اشتہار سے متعلق معاملات کچھ بھی ہوں، بہرحال انہیں اس اشتہار کے چلنے پر بے حد افسوس ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پختون قومی غیرت اور حب الوطنی کے عکاس ہیں۔ انکا احترام ملک کے تمام صوبوں میں یکساں اہمیت کا حامل ہے۔