سرینگر/اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+اے این این ) مقبوضہ کشمیر میں کرفیوکا46واں روز ، لاک ڈاؤن جاری رہا۔مزید فوجی اور نیم فوجی دستے تعینات کر دیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی مودی سرکار نے اپنی سپریم کورٹ کے احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیا اور وادی میں قدغنوں میں نرمی کی بجائے سختی کر دی ہے ۔لوگوں کو گھروں میں رہنے پر مجبور کر دیا گیا ہے ۔انسانی سرگرمیاں ناپید ہو کر رہ گئی ہیں ۔مودی سرکار نے وادی میں مزید فوجی اور نیم فوجی دستے تعینات کر دئیے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر سے 6 ہزار افراد کو گرفتار کر کے بھارت کی مختلف جیلوں میں بھیجا جاچکا ہے جہاں انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سری نگر کے چوراہوں پر بھارتی فوج نے بلٹ پروف بنکر بنا لئے۔ لاک ڈاؤن، جگہ جگہ بھارتی فوجی تعینات، قابض بھارتی فورسز نے سری نگر کے جہانگیر چوک، بخشی سٹیڈیم، سبزی منڈی چوک میں بلٹ پروف بنکرز بھی قائم کر لئے۔لاک ڈاؤن کے باعث مقبوضہ وادی میں بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہوگئی ہے جبکہ ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی مسلسل بند ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غاصب بھارتی فوج کی جانب سے اب تک 40 ہزار سے زائد کشمیریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔کے ایم ایس نے بتایا کہ تمام تر بندشوں کے باوجود بھارتی فورسز کشمیریوں کا جذبہ آزادی نہ دباسکیں، بھارت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور روزانہ 20 کے قریب مظاہرے ہوتے ہیں، 46روز میں مقبوضہ وادی میں 800احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔کشمیری تاجر کا کہنا ہے کہ فصل تیار ہے لیکن فصل اتار کر مارکیٹ میں نہیں بھیج سکتے، سب خوفزدہ ہیں۔ یہاں کوئی نہیں آئے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں سیب کی تیار فصل خراب ہونا شروع ہوگئی، کوئی خریدار نہیں۔
مقبوضہ کشمیر: لاک ڈائون جاری، مزید فوجی دستے تعینات ، 46روز میں 800احتجاجی مظاہرے ہوئے
Sep 20, 2019