افغانستان: امریکی ڈرون حملہ، داعش دہشت گردوں کی بجائے 30کسان جاں بحق

Sep 20, 2019

کابل (نوائے وقت نیوز، نیوز ایجنسیاں) افغانستان میں افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر پر خودکش کار بم اور امریکی ڈرون حملے میں 50 افراد ہلاک جبکہ 130 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق افغان صوبہ زابل میں واقع افغان انٹیلی جنس ایجنسی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی کی عمارت کے قریب خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار دھماکے سے اڑا دی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک جبکہ 90 زخمی ہو گئے۔ ذمہ داری مقامی طالبان نے قبول کرلی۔ قریب واقع عمارتیں اور متعدد مکانات متاثر ہوئے ہیں۔ صوبائی کونسل کے سربراہ کا کہنا ہے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ تحریک طالبان افغانستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا حملے کا ہدف افغان سکیورٹی ایجنسی این ڈی ایس کا دفتر تھا۔ دھماکے سے قریبی ہسپتال کا کچھ حصہ بھی تباہ ہو گیا اور ایمبولینسز کو نقصان پہنچا۔ دوسری جانب افغانستان کے مشرقی علاقے میں امریکی ڈرون حملے میں 30 شہری ہلاک اور 40 زخمی کر دیئے۔ سرکاری حکام نے غیر ملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ گزشتہ رات ہونے والے حملے کا مقصد داعش کے خفیہ ٹھکانے کو نشانہ بنانا تھا‘ تاہم غلطی سے ننگرہار صوبے کے ضلع خوگیانی کے علاقے وزیر تانگی کے کسان اس کے نشانے پر آگئے۔ مشرقی ننگرہار کے صوبائی کونسل کے رکن سہراب قادری کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے میں چلغوزے کے باغ میں کام کرنے والے 30 افراد مزدور مارے اور 40 زخمی ہو گئے۔ کابل میں وزارت دفاع نے افغان اور امریکی فورسز کی جانب سے کئے گئے اس حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ اس کا ہدف داعش کا ٹھکانا تھا۔ننگرہار صوبے کے صوبائی گورنر نے بھی فضائی حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ حکومت سانحے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اب تک جائے وقوعہ سے 9 لاشیں نکالی گئیں۔

مزیدخبریں