کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے ڈیل کی افواہیں غلط ہیں نوازشریف سے کوئی ڈیل ہو رہی ہے نہ حکومت کو پتہ ہے۔ سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا کیس نیب میں ہے اس بارے میں نیب کو پتہ ہے کہ کیا کرنا ہے۔ حکومت کا اس سلسلے میں کوئی کردار نہیں۔ گرفتاریوں پر اپوزیشن کی طرف سے ٹف ٹائم دینا کوئی معنی نہیں رکھتا، جنہوں نے گاجریں کھائیں ہیں انہی کے پیٹ میں درد اٹھتا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نیب اپنا کام آزادانہ کر رہا ہے جس کسی نے بھی ملکی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے اسے حساب دینا ہوگا۔ خورشید شاہ کی گرفتاری سے کچھ نہیں ہوگا جو غلط کام کرتا ہے وہ قانون کو جواب دہ ہے۔ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ملکی حالات کو مدنظر رکھ کر احتجاج کا فیصلہ واپس لیں، مجھے یقین ہے فضل الرحمن اسلام آباد لانگ مارچ نہیں کریں گے۔ اس وقت کشمیری عوام پر بہت ظلم و ستم ہو رہا ہے۔ مولانا فضل الرحمن اگراحتجاج کرنا چاہیں تو آئین و قانون کے مطابق کریں۔ احتجاجی دھرنا ہر شہری کا حق لیکن قانون اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ فضل الرحمن نے گرفتاری والا کوئی غلط کام کیا تو گرفتار کریں گے۔ پاک افغان تجارت کے حوالے سے اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ طورخم بارڈر دونوں ممالک کے عوام کے بہتری کیلئے 24 گھنٹے کھول دی ہے تاکہ تاجروں کو کوئی مشکل نہ ہو اور وہ آزادانہ تجارت کر سکیں۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کوئٹہ میں سیف سٹی پراجیکٹ پر کام شروع ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں کیمرے نصب کر رہے ہیں تاکہ امن و امان کے ماحول میں بہتری ہو۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ حکومت کا مشن ہے کہ ہم لوگوں کو سہولیات فراہم کریں۔ ہمیں چاہئے لوگوں کو آگاہی دیں کہ بھارت یہ کرتا ہے اور کرے گا۔ میں نے بلوچستان کے مسئلے دیکھے ہیں۔ انہیں حل کریں گے۔ پورا یقین ہے ان حالات میں مولانا فضل الرحمن دھرنا نہیں دیں گے۔ بلوچستان میں پہلے 10 سے 13 سال سروس کی۔ مولانا فضل الرحمن خود 10 سال کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے۔ یہ وقت کشمیریوں سے یکجہتی کرنے کا ہے۔ درپردہ چیزیں پہلے زمانے میں ہوتی تھیں، اب نہیں۔ خورشید شاہ کی گرفتاری سے کچھ نہیں ہوگا، یہ بڑے بادشاہ لوگ ہیں۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ بھارت سے بات چیت کرنے کے تمام راستے اپنا لئے مگر کچھ فائدہ نہیں ہوا، بلوچستان میں ناراضگی کی کوئی بات نہیں، بھارت یہاں دہشت گردی کرتا ہے اور کرتا رہے گا، کسی دشمن ملک میں دہشت گردی کرنے کیلئے دشمن ملک لازمی نہیں اپنے بندے بھیجے۔ اعجاز شاہ نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی تو ہے اس میں کوئی شک نہیں، وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ عوام کیلئے کام کیا جائے۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ملاقات کی جس میں امن و امان، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پیچیدہ ہے۔
یقین ہے فضل الرحمن نہیں دینگے، غلط کام کیا تو گرفتاری ہوگی: وزیرداخلہ
Sep 20, 2019