اسلام آباد (این این آئی) آسٹریا کیلئے نامزد پاکستانی سفیر آفتاب کھوکھر نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ نے بطور سفیر نامزدگی پر آفتاب کھوکھر کو مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ میں تعیناتی کے دوران آفتاب کھوکھر کی خدمات کو سراہا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آپ کو یہ نئی ذمہ داری، آپ کے شاندار سروس ریکارڈ کو پیش نظر رکھتے ہوئے سونپی گئی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ آپ ایسے وقت میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں جب پاکستان کو داخلی اور خارجی طور پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستانی کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر خارجہ نے نئے نامزد سفیر کو حکومت کی خارجہ پالیسی ترجیحات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔ نامزد سفیر برائے آسٹریا آفتاب کھوکھر نے وزیر خارجہ کی طرف سے حوصلہ افزا کلمات اور خصوصی ہدایات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
آسٹریا کیلئے نامزد سفیر کی ملاقات‘ پاکستانی کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ ترجیح: شاہ محمود
Sep 20, 2020